پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے باجوڑ میں ہونے والے دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا کہ باجوڑ میں دھماکا قابل مذمت اور انتہائی افسوس ناک ہے، دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دل شدید رنجیدہ ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام لواحقین کو صبر اور زخمیوں کو مکمل صحت یابی عطا فرمائے۔
سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ سانحہ پر اپنے بھائی مولانا فضل الرحمان اور کارکنوں سے اظہارِ تعزیت کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں جمعیت علما اسلام کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 41 ہوگئی۔
دھماکے میں جیو نیوز کے کیمرہ مین سمیع اللّٰہ بھی شدید زخمی ہوئے ہیں، دھماکے میں 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے میں جمعیت علما اسلام کے کئی مقامی عہدیدار بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔
تحصیل خار کے امیر ضیا اللّٰہ جان اور تحصیل ناواگئی کے جنرل سیکریٹری حمیداللّٰہ حقانی بھی جاں بحق ہوئے۔
Comments are closed.