چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے سب سے دکھ کی بات یہ ہے کہ 9 مئی کو 1 مسجد بھی جلائی گئی۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے آج جناح ہاؤس کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آج علماء و مشائخ جناح ہاؤس میں آئے ہیں کیونکہ یہ پاکستان کی عزت کی نشانی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ 9 مئی سے زیادہ سیاہ دن کوئی نہیں ہو سکتا، ایک پلاننگ کے تحت لوگ جناح ہاؤس کے اندر آئے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے مطالبہ کیا کہ اسی جناح ہاؤس میں کورٹ لگائی جائےاور حملہ کرنےوالوں کو سرِ عام سزائیں دی جائیں۔
اُنہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو میں توڑ پھوڑ کی گئی، شہداء کی تصاویر جلائی گئیں، کرنل شیرخان کا مجسمہ توڑا گیا، یہ سب قابلِ مذمت ہے، اس سب کی تحقیقات ہونی چاہئیں اور پھرسالمیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے جانے چاہئیں، لاکھوں پاکستانی جناح ہاؤس آ کر خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا کہنا ہے کہ یہ ان لوگوں کا کام ہے جن کو باقاعدہ ٹرینڈ کرکےبھیجا گیا، پوری قوم اپنی فوج کےساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے نکلی ہے، چند افراد کے عمل کو پوری قوم کا عمل نہیں کہا جا سکتا۔
اُنہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ میں کبھی تحریکِ انصاف میں نہیں رہا، الیکشن نہ ہوں تو پھر کیا جلاو گھیراؤ جائز ہے؟
حافط طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ان مجرموں کو سب سے پہلے سزا ہونا چاہیے، الیکشن کا کوئی مسئلہ نہیں، الیکشن تو پہلے بھی ہوئے ہیں آئندہ بھی ہو جائیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ ذہن سازی کوئی بھی کرے ہم نے ہمیشہ اس کی مذمت کی ہے، ہر چیز قوم کے سامنے آنی چاہیے۔
Comments are closed.