اتوار 6؍ذوالحجہ 1444ھ25؍جون 2023ء

دو تہائی اکثریت ملی تو بھی اتحادی حکومت بنائیں گے، احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ن لیگ کو انتخابات میں دو تہائی اکثریت ملی تو بھی اتحادی حکومت بنائیں گے، ملکی مسائل کا حل کسی واحد سیاسی جماعت کے پاس نہیں۔

احسن اقبال نے ایم این اے وجیہہ اکرم کے والد کی رسم چہلم کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر، نومبر میں نئے انتخابات ہوں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے، انہیں 2017ء میں سازش سے نااہل کیا گیا، سازشی کردار بھی ایک ایک کر کے سامنے آ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے وژن نے پاکستان کو ترقی دی۔

اُنہوں نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال سے چیئرمین پی ٹی آئی کے معیشت پر لگائے زخموں پر مرہم رکھ رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ آج ہمیں آئی ایم ایف پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے، سابق حکومت کے 4 برس کی سزا عوام کئی سال تک بھگتیں گے۔

احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اگلے 5 سے 10 سال وسیع البنیاد مفاہمتی سیاست کرنا ہوگی، انتخابات کے بعد وسیع البنیاد معاشی ایجنڈے کے تحت پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ 75 سال سے جاری پالیسی نتائج نہ دے سکی، اصلاحات کرنا ہوں گی،  قومی اصلاحاتی پروگرام سے ہر شعبے میں اصلاحات لانی ہیں۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ اقوام عالم کا مقابلہ کرنے کے لیے انرجی سیکٹر کے لاسز کو ختم کرنا ہوگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.