پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف امید ہے پھر سے غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔
میلبرن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعود شکیل نے کہا کہ پِچ دیکھ کر پاکستان جیسا احساس ہورہا ہے، تمام بیٹر اچھا محسوس کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز بولنگ اچھی نہیں ہوئی تھی، پہلی اننگز میں زیادہ رنز بن گئے وہیں سے میچ ہم سے نکل گیا تھا، نئے بولرز تھے ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگتا ہے، بدقسمتی سے خرم شہزاد سیریز سے باہر ہوئے ہیں۔
سعود شکیل نے کہا کہ میر حمزہ اور حسن علی کے پاس اچھا موقع ہے، آسٹریلیا کے تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ان کے پاس کوالٹی اٹیک ہے، بابر اعظم ورلڈ کلاس بیٹر ہیں اور ایک اننگ سے کم بیک کرسکتے ہیں، امید ہے میلبرن میں بابر اچھی اننگز کھیل کر فارم واپس لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پرتھ میں ڈراپ ان پِچز تھیں، پہلی بار ان پر کھیلا اور سیکھنے کا موقع ملا۔
سعود شکیل نے کہا کہ جب چھوٹا تھا تو صبح پانچ بجے اٹھ کر باکسنگ ڈے کا ٹیسٹ ضرور دیکھتا تھا، اب خود باکسنگ ڈے ٹیسٹ کھیلوں گا تو زیادہ پُرجوش ہوں۔
Comments are closed.