بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

دوسرے شہروں کے ملزمان کراچی میں وارداتیں کرتے ہیں، کراچی پولیس چیف

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ دوسرے شہروں سے آکر ملزمان کراچی میں وارداتیں کر کے روانہ ہوجاتے ہیں، اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کیلئے 3 حکمت عملیاں بنائی گئی ہیں۔

غلام نبی میمن نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8 ہزار سے زائد ملزمان ضمانت یا رہائی کے بعد دوبارہ باہر آئے ہیں، رہائی پانے والے ملزمان وارداتیں کرتے ہیں، ان ملزمان کو دوبارہ ٹریک کر کے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مختلف وارداتوں میں ملے شواہد بھی تفتیش میں سامنے رکھے جائیں گے، ان ملزمان کا پتہ لگا کر گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 5 برسوں میں مختلف وارداتوں میں ملوث 11ہزار 221 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں 3 ہزار سے زائد ملزمان اب بھی جیلوں میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کو بحالی مراکز میں داخل کرایا جائے گا، اس سلسلے میں سندھ حکومت سے آج ایک ملاقات بھی کی جائے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.