پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 193 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اوپننگ جوڑی بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 99 رنز جوڑے جہاں محمد رضوان اپنی 24ویں نصف سنچری بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، انہیں میٹ ہینری نے کیچ آؤٹ کروایا۔
اگلی ہی گیند پر فخر زمان کو میٹ ہینری نے بولڈ کردیا۔ انکے بعد نئے آنے والے بلے باز صائم ایوب بھی کھاتہ نہ کھول سکے اور چھکا لگانے کی کوشش میں رویندرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بابر اعظم کا ساتھ دینے کے لیے عماد وسیم کیریز پر آئے، انہوں نے 2 رنز بنائے اور جمی نیشم کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں کیپر کو ہی کیچ دے بیٹھے۔
پاکستانی ٹیم 105 رنز پر ہی 4 اہم وکٹوں سے محروم ہوئی تو افتخار احمد نے کپتان بابر اعظم کا ساتھ دیا اور دونوں کے درمیان 43 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ بنی۔
بابر اعظم نے اننگز کی آخری گیند پر چوکا لگا کر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی۔
افتخار احمد نے ناقابلِ شکست 19 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ رچن رویندرا اور جمی نیشم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
خیال رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے کیویز کو 88 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے دی۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔
پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، صائم ایوب، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان پر مشتمل ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان ٹام لیتھم، چیڈ بوز، ول ینگ، ڈیرل مچل، مارک چپمین، جیمز نیشم، راچن رویندرا، کول مک کوچی، ہینری، شپلے، میٹ ہینری اور بین لسٹر شامل ہیں۔
Comments are closed.