نیدرلینڈز نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دے دیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہوم ٹیم 186 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، باس ڈے لیڈے 89 رنز کی قابلِ ذکر اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔
روٹرڈیم میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے ون ڈے میں ہوم ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
نیدرلینڈ کو ابتدا میں ہی بڑے نقصان سے گزرنا پڑا جب یہ 8 رنز پر 3 اہم کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی تھی۔
تاہم ٹام کوپر اور باس ڈے لیڈے کے درمیان ہونے والی 109 رنز کی پارٹنر شپ نے نیدرلینڈز کو سکون مہیا کیا۔
دوسری جانب پاکستانی بولرز نے ایک مرتبہ پھر کم بیک کرتے ہوئے 166 پر نیدلینڈز کی 9 وکٹیں سمیٹ دیں، لیکن آخری وکٹ پر باس ڈے لیڈے نے 20 رنز جوڑ کر اسکور 186 تک پہنچایا جہاں وہ 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے 3، 3 وکٹیں لیں جبکہ نسیم شاہ کے حصے میں دو وکٹیں آئیں، محمد وسیم اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
روٹرڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پاکستان کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ نائب کپتان شاداب خان، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان اور سلمان علی آغا پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
اس علاوہ خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد وسیم، حارث رؤف اور نسیم شاہ بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کافی دلچسپ رہا جہاں 315 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدلینڈز کو صرف 16 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Comments are closed.