پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کے دورہ سنگاپور کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوگئیں۔ وزارت خارجہ اور داخلہ نے ٹیم کو سنگاپور جانے کےلیے این او سی جاری کردیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کو اس ماہ سنگاپور میں دو میچز کھیلنا ہیں۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے اس سے قبل 7 جولائی کو وقت کی کمی کو بنیاد بنا کر پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو این او سی جاری کرنے سے معذرت کرلی تھی۔
تاہم اس معاملے پر فینز کے احتجاج اور معاون خصوصی شزا فاطمہ کی کوششوں کے بعد پی ایف ایف نے 12 جولائی کو وزارت خارجہ اور داخلہ کو سمری بھیجی جس پر اگلے ہی روز آج فٹبال ٹیم کو این او سی جاری کردیا گیا۔
اس حوالے سے شزا فاطمہ کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں وزیر اعظم نے خصوصی دلچسپی لی اور جلد از جلد اس کا حل ممکن بنایا۔
پاکستان ویمن فٹبال ٹیم 15 اور 18 جولائی کو سنگاپور کے خلاف میچز کھیلے گی۔
Comments are closed.