سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
پاکستانی اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)، عامر جمال، عبداللّٰہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق شامل ہیں۔
دورہ سری لنکا کے لیے محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
سری لنکا کے خلاف ہونے والی 2 ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز دراصل تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔
پاکستان ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں ریحان الحق (منیجر)، گرانٹ بریڈبرن (ہیڈ کوچ)، اینڈریو پیوٹک (بیٹنگ کوچ)، مورنے مورکل (بولنگ کوچ)، آفتاب خان (فیلڈنگ کوچ)، عبدالرحمٰن (اسسٹنٹ کوچ) ہوں گے۔
علاوہ ازیں سپورٹ اسٹاف میں ڈریکس سائمین (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ)، احسن افتخار ناگی (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کانٹینٹ منیجر)، لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری (سیکیورٹی منیجر)، طلحہ اعجاز (انالسٹ) اور ملنگ علی (میسیور) شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ تمام منتخب کردہ کھلاڑیوں خاص کر محمد حریرہ اور عامر جمال کو مبارک باد دیتا ہوں جو اپنی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی کنڈیشنز اور چیلنجز کو دیکھتے ہوئے ٹیم سلیکشن کی گئی ہے، یہ تیسری آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ہماری پہلی سیریز ہے اور یہ اسکواڈ ہمیں اچھا آغاز فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
ہارون رشید کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں کنڈیشنز فنگر اسپنرز کے لیے موافق ہوتی ہیں، ماضی میں اور پاکستانی ٹیم کے گزشتہ دورے میں ہم یہ بات دیکھ چکے ہیں، اسی بنا پر ہم نے اس طرح کے 3 اسپنرز ٹیم میں رکھے ہیں جن میں مسٹری اسپنر ابرار احمد بھی شامل ہیں۔
ہارون رشید کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولرز کی بھی اپنی اہمیت ہے لہٰذا ٹیم میں 4 فاسٹ بولرز کا انتخاب کیا گیا ہے تاکہ کپتان اور ٹیم مینجمنٹ کے پاس دورے میں مناسب وسائل موجود ہوں، بیٹنگ لائن بھی مضبوط ہے۔
ہارون رشید نے کہا کہ جو کھلاڑی اس دورے کے لیے سلیکٹ نہیں ہو سکے انہیں مایوس نہیں ہونا چاہیے کیونکہ وہ بھی ہمارے پلان کا حصہ رہیں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم 3 جولائی کو کراچی میں یکجا ہوگی جہاں اس کا کیمپ 9 جولائی کو روانگی تک جاری رہے گا، دورے کا شیڈول سری لنکن کرکٹ بورڈ جاری کرے گا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز جولائی 2022 میں کھیلی گئی تھی جو ایک ایک سے برابر رہی تھی۔
Comments are closed.