قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ رمضان میں تھوڑا مشکل ہوتا ہے لیکن پروفیشنل ہیں، دن میں روزے رکھیں گے اور پھر روزے کے بعد شائقین کو تفریح مہیا کریں گے۔
لاہور میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ کافی وقت کے بعد آرام کا موقع ملا جس کا اب فائدہ ہوگا، تازہ دم ہوگیا ہوں، مسلسل کرکٹ کھیل رہے تھے، انرجی لیول بہتر کیا اور مسلز کو آرام ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب کوشش ہے کہ کرکٹ اسکلز پر کام کروں اور مزید بہتر کروں، جب میدان میں ہوں تو ہر میچ میں 100 فیصد دینا پڑتا ہے اس کےلیے انرجی ہونا اور لگانا ضروری ہوتا ہے۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف کافی اہم سیریز ہے، 5 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی ہیں، دونوں سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ آرہا ہے، ون ڈے سیریز اہم ہے، اس سیریز سے ہمیں تیاری کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسا نہیں سوچتے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں بڑے نام شامل نہیں ہیں، نیوزی لینڈ نے ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی شامل کیے ہیں، وہ انٹرنیشنل کرکٹ کا تجرںہ رکھتے ہیں۔
حارث رؤف کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولرز میں مقابلہ بڑھ رہا ہے، پاکستان کےلیے بیک اپ میں فاسٹ بولرز کا ہونا اچھی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ احسان اللّٰہ کا آنا بھی اچھا ہے، دنیا پاکستان کے پیس بولرز کی تعریف کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے سیریز سے کوشش کروں گا مزید سیکھوں اور جہاں مجھے بہتر ی چاہیے اسے بہتر کروں، کوشش ہوگی جو سیکھوں وہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں کام آئے۔
قومی کھلاڑی نے کہا کہ ایشیا کپ سے پہلے بھی ہماری ایک ون ڈے سیریز ہے تو اچھی تیاری ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش کرتا ہوں کہ بیٹنگ کو بہتر کروں جس طرح شاہین آفریدی نے بہتر کی ہے، ویسے ہم بھی ایک دو چھکے لگا لیتے ہیں، شاہین آفریدی جب بیٹنگ کے لیے جاتے ہیں تو میں کہتا ہوں کہ میں بھی بیٹنگ کرلیتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک دوسرے سے گھلتے ملتے ہیں، اکٹھے رہتے ہیں، مذاق کرتے ہیں، گراؤنڈ سے باہر جتنا ہم ریلیکس رہتے ہیں، گراؤنڈ میں اتنا اچھا ہے۔
Comments are closed.