اللّٰہ اور اس کے نبی ﷺ کی مسلمان کے دل میں محبت آخرت میں بخشش کی ضمانت ہے۔ یہ بات معروف عالم دین، مبلغ اور مقرر علامہ شکیل ثانی نے ربیع الاول کی مناسبت سے ٹوکیو میں سینئر پاکستانی ملک یونس کے رہائش گاہ پر ہونے والی محفل میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ اپنے بندوں سے ستر ماؤں سے زیادہ محبت کرتا ہے۔ لہٰذا ہر مسلمان کو اپنے گناہوں سے توبہ اور زیادہ سے زیادہ اللّٰہ کی رحمت پر یقین ہونا چاہیے۔
علامہ شکیل ثانی نے کہا کہ ہر مسلمان کو سچا عاشق رسول ﷺ بننے کے لیے بھرپور کوششیں کرنا چاہیے اور جتنا زیادہ درود شریف کا ورد کرسکیں اتنا ہمارے لیے بہتر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جاپان میں ربیع الاوّل کی بہترین تقاریب جاری ہیں اور اب تک وہ چالیس سے زائد تقاریب میں خطاب کرچکے ہیں۔
اس موقع پر معروف عالم دین مفتی رضوان یوسفی نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ مسلمانوں کے لیے بہترین مہینہ ہے اس مہینے میں ہمارے نبی ﷺ اس دنیا میں تشریف لائے جن کے دم سے دنیا اسلام کی دولت سے مالا مال ہوئی۔
مفتی رضوان یوسفی نے کہا کہ ہر مسلمان کے دل میں سب سے زیادہ محبت اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے لیے ہونی چاہیے اور یہ محبت ہی اس کی بخشش کی ضمانت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان حاجی ملک محمد یونس نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے ہمیں جو کچھ دیا ہے وہ سب سرکار مدینہ کے صدقے سے ملا ہے اور جس کو اللّٰہ تعالیٰ نے مال و دولت سے نوازا ہے اس میں غریبوں کا حصہ بھی لازمی رکھیں کیونکہ آپ کو دی ہوئی دولت آپ پر آزمائش بھی ہے کہ آپ اس دولت میں سے اللّٰہ کے بندوں کی کس طرح مدد کرتے ہیں۔
تقریب کے آخر میں قاری ظفر اقبال نے خوبصورت نعت پیش کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے شرکا سے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کا کامیاب ترین انسان سچا عاشق رسولﷺ ہی ہو سکتا ہے، جسے دنیا بھی ملے گی اور آخرت بھی، تقریب کے آخر میں سینئر صحافی ارشد شریف کی مغفرت کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
Comments are closed.