بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

دعا ہے میرے مرنے سے پہلے کراچی بدل جائے: شہباز شریف

کراچی کے دورے پر آئے ہوئے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف شہریوں سے کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ دعا ہے کہ میرے مرنے سے پہلے کراچی شہر بدل جائے۔

صدر نون لیگ شہباز شریف سے کراچی کے حلقہ این اے 249 بلدیہ ٹاؤن کے عمائدینِ علاقہ نے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف جذباتی ہو کر آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہو رہا ہے۔

انہوں نے نہایت جذباتی لہجے میں کہا کہ دعا ہے کہ میرے مرنے سے پہلے کراچی شہر بدل جائے، کراچی کی خوش حالی کے بغیر پاکستان خوش حال نہیں ہو گا۔

کراچی کے دورے پر آئے ہوئے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے تاجروں کے وفد سے ملاقات کی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئندہ الیکشن میں موقع ملا تو کراچی کی قسمت بدل دیں گے، کراچی کے مسائل کو دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے کراچی کا امن لوٹایا، اندھیرے ختم کیئے، کراچی کو سنواریں گے، مسائل سے پاک شہر بنائیں گے۔

صدر نون لیگ نے کہا کہ ایک جماعت کو نکال کر دیگر جماعتوں کے ساتھ کراچی کی حالت سدھاریں گے، اس ایک جماعت نے 3 سال میں ملک و قوم پر ظلم ڈھایا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ آپ نے مجھے ووٹ دیئے لیکن میں کامیاب نہ ہو سکا، محرکات آپ جانتے ہیں۔

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کے کراچی کے دورے کے موقع پر نون لیگی کے مستعفی رہنما و سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل لاتعلق رہے اور کسی سرگرمی میں شریک نہیں ہوئے۔

میاں شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ جوں کا توں ہے، یہاں علاج اور تعلیم کے مسائل بھی ہیں جن پر افسوس ہے۔

اس سے قبل میاں شہباز شریف نے تاجروں کے وفد سے ملاقات کی جس کے دوران موجودہ معاشی صورتِ حال اور توانائی کے بحران پر گفتگو ہوئی۔

شہباز شریف آج کراچی میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ہونے والے جلسے میں شرکت اور شرکاء سے خطاب بھی کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.