دعا زہرہ بازیابی کیس میں پولیس نے اسٹیٹ بینک کو 20 مشکوک افراد کے بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے کا کہا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں دعا زہرہ بازیابی کیس میں آئی جی سندھ کی جمع کرائی گئی رپورٹ جیو نیوز نے حاصل کرلی۔
آئی جی سندھ کی رپورٹ کے مطابق دعا زہرہ کی بازیابی کیلئے حساس اداروں سے تکنیکی مدد لی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کو مدد اور پناہ دینے والے 23 افراد کی نشاندہی کی جاچکی ہے، جبکہ مشکوک افراد کی گرفتاری کے لئے کے پی کے، پنجاب اور آزاد کشمیر پولیس کو خط لکھے ہیں۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے محکمہ داخلہ پنجاب اور کے پی کے کو تعاون کیلئے کہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک کو 20 مشکوک افراد کے بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے کا کہا ہے، مشکوک افراد کے نام پی این آئی ایل فہرست میں شامل کرنے کیلئے ایف آئی اے کو خط بھی لکھا ہے۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ نادرا کو بھی مشکوک افراد کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کو کہا ہے، دعا زہرہ اور اس کے مبینہ شوہر سے متعلق آئی جی ریلوے کو بھی معلومات دی گئی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریلوے اسٹیشن پر دعا زہرہ کی بازیابی سے متعلق پینا فلیکس بھی لگائے جائیں گے، دعا کو پولیس سے بچانے کے لیے لوکیشن بار بار تبدیل کی جا رہی ہے۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5 ٹیمیں کے پی کے، ایک آزاد کشمیر، ایک لاہور اور لوئر پنجاب میں ہے، دعا کو وسیم نامی شخص کی گاڑی میں بالا کوٹ منتقل کیا گیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ وسیم نامی شخص کی گاڑی کو پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے، دعا زہرہ کی بازیابی کے لئے مختلف مقامات پر 50 گھروں کی تلاش لی گئی ہے۔
Comments are closed.