دعا زہرا کے شوہر ظہیر نے بینک اکاؤنٹس اور شناختی کارڈ کی بحالی کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
ظہیر احمد اور شبیر کی جانب سے دائر درخواست پر فوری سماعت کی استدعا کی گئی تھی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کچھ دیر میں درخواست پر سماعت کرے گا۔
ظہیر اور شبیر نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ کراچی میں دعا زہرا کیس کے ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں، دونوں کو پیشی کے دوران سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں، محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی اور دیگر کو دونوں درخواست گزاروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ملزم ظہیر اور شبیر کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ دعا زہرا کی عدم بازیابی پر سندھ ہائی کورٹ نے ملزمان کے شناختی کارڈز اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد نادرا اور اسٹیٹ بینک نے عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے ان کے شناختی کارڈز اور اکاؤنٹس منجمد کر دیے تھے۔
Comments are closed.