
دریائے سندھ میں سیلاب کا خطرہ ہے، اس حوالے سے لاہور سے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سیلاب سے میانوالی، بھکر، ڈی جی خان، لیہ، مظفرگڑھ، راجن پور اور رحیم یارخان کے علاقے متاثر ہوسکتے ہیں۔ جبکہ کوہ سلیمان اور سالٹ رینج سے منسلک ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہوسکتی ہے، جس سے سیلاب کا خطرہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ تمام اضلاع پیشگی انتظامات مکمل رکھیں اور ممکنہ سیلابی علاقوں سے لوگوں کے انخلا کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب مظفرگڑھ کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق دریائے سندھ میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ 7 لاکھ کیوسک تک بڑھنے کا امکان ہے۔
ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ نے مزید بتایا کہ سیلاب سے تحصیل کوٹ ادو، علی پور اور جتوئی متاثر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں۔
Comments are closed.