معروف اسلامک اسکالر مفتی منیب الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی میں درست مردم شماری سندھ کے مفاد میں بھی ہے، کراچی میں درست مردم شماری سے سندھ کی قومی اسمبلی کی نشستیں بڑھ سکتی ہیں۔
مفتی منیب نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں مردم شماری پر تحفظات دور کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر بیٹھیں، مردم شماری پر بیان بازی، الزام تراشی کے بجائے درست سمت میں اقدام کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی، ایم کیو ایم کو کراچی میں مردم شماری پر اعتراضات ہیں۔
مفتی منیب کا کہنا ہے کہ درست مردم شماری کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر حل نکالنا چاہیے، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی، نادرا اور محکمہ شماریات مل بیٹھ کر حل نکالیں۔
مفتی منیب الرحمٰن نے کہا ہے کہ محض پینا فلیکس لٹکانے اور بیان بازی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان میں جاری ساتویں خانہ و مردم شماری کا آج آخری روز ہے لیکن سندھ کے مختلف شہروں میں عمل تاحال مکمل نہ ہو سکا۔
ادارہ شماریات کے مطابق اب تک کراچی شہر میں لگ بھگ ایک کروڑ 35 لاکھ جبکہ حیدر آباد ڈویژن میں ایک کروڑ 9 لاکھ افراد گنے جا چکے ہیں۔
سندھ کی آبادی اب تک 4 کروڑ 83 لاکھ سے زائد بتائی جارہی ہے، مردم شماری کا عمل جہاں مکمل نہیں وہاں وقت بڑھائے جانے کا امکان ظاہر کیا جار ہا ہے۔
Comments are closed.