رہنما مسلم لیگ (ن) دانیال عزیز نے کہا ہے کہ انہیں پارٹی کی جانب سے کوئی شوکاز نوٹس نہیں ملا۔ انہوں نے احسن اقبال کے ساتھ مریم اورنگزیب پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ مریم اورنگزیب سے پارٹی کو جو نقصان ہوا جلد اس کی تفصیلات بتائیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران دانیال عزیز نے کہا کہ احسن اقبال پرائس کنٹرول کمیٹی کو چیئر کر رہے تھے، منہگائی کی اصل ذمے دار پی ٹی آئی تھی تو احسن اقبال نے تحقیقات کیوں نہیں کرائی۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ پی ٹی آئی مہنگائی کی ذمے دار نہیں، احسن اقبال نے نیشنل پرائس کنٹرول کا اتنا بڑا ادارہ سنبھالا ہوا تھا پتا کچھ نہیں تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب صاحبہ کی کارکردگی سے جو نقصان ہوا اس پر آئندہ بات کروں گا، ہماری کوئی انفارمیشن کمپین اور حکمتی عملی نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ جو بہترین کارکردگی والے ہیں یہ سب پارٹی میں بلامقابلہ ہی منتخب ہوتے ہیں، احسن اقبال کا بیٹا ضلع کا چیئرمین بھی بلامقابلہ ہی بنا تھا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ احسن اقبال نے کہا مجھے شاید کسی ٹکٹ میں دلچسپی ہے، میں نے کسی سے کوئی سفارش نہیں کرائی کہ کسی کو پارٹی کا ٹکٹ دیں، چاہتا ہوں کہ پارٹی نے جو غلطیاں کی ہیں وہ آئندہ نہ کرے۔
Comments are closed.