چکناہٹ سے پاک دالیں غذائیت سے بھرپور اور فائبر حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں، دالوں کے استعمال کے بے شمار فوائد ہیں جن میں وزن میں کمی اور خون سے متعلق متعدد بیماریوں سے بچاؤ جیسے کے بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر سرفہر ست ہیں۔
غذائی ماہرین کے مطابق دالیں غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں جن کے استعمال سے پروٹین، منرل اور وٹامنز سب کچھ حاصل ہوتا ہے، طبی ماہرین کی جانب سے بیمار اور صحت مند سب ہی افراد کو دالوں کا استعمال اور دالوں کا سوپ پینا تجویز کیا جاتا ہے، دالوں میں موجود گلائسیمک انڈیکس خون میں شوگر کی سطح کو کم کرتی ہے، دالوں کے استعمال سے صحت پر حاصل ہونے والے ایسے فوائد بھی ہیں جنہیں جاننے کے بعد آپ روزانہ دال کھانے پر مجبور ہو جائیں گے۔
دالوں کی ہر قسم ہی مفید قرار دی جاتی ہے جن میں مونگ، چنا، لوبیا، مسور، ملکہ مسور، ارہر، ماش اور لال لوبیا سمیت مختلف دالیں شامل ہیں، دالوں کے استعمال کا جو سب سے اہم فائدہ ہوتا ہے وہ یہ ہے کہ ان میں نباتاتی پروٹین پایا جاتا ہے، دالیں فولیٹ کے حصول کا اہم ذریعہ ہیں، یہ وٹامن بی کی وہ قسم ہے جوکہ دوران حمل خواتین کے لیے بہت مفید قرار دی جاتی ہے، دالوں میں گوشت کے مقابلے میں کم چکنائی پائی جاتی ہے جو انسانی صحت کے لیے نہایت مفید ہے۔
غذائیت اور افادیت
ماہرین غذائیت و طبی ماہرین کی جانب سے زیادہ تر دالیں سبزیوں کے استعمال کو تجویز کیا جاتا ہے کیوں کہ یہ آنتوں کی صحت کے لیے نہایت مفید ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ ہفتے میں کم از کم دو سے تین دال ضرور کھائیں، دالوں کے استعمال سے کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے جبکہ گوشت کے استعمال سے متعدد بیماریوں اور کولیسٹرول لیول بڑھنے کا خدشہ ہوتا ہے۔
دالیں کھانے سے قبض کی شکایت دور ہوتی ہے، دالیں ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی بہترین غذا ثابت ہوتی ہیں کیوں کہ ان میں فائبر بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق دالوں میں آئرن بھی بڑی مقدار میں موجود ہوتا ہے، خواتین میں اکثر خون کی کمی پائی جاتی ہے، خون کے سرخ خلیے آکسیجن کی سپلائی کا کام کرتے ہیں اور اگر ان کی کمی ہو تو انسان میں تھکن کی شکایت بڑھ جاتی ہے، دالیں آئرن کی کمی کا بہترین علاج ہیں۔
وزن میں کمی کے لیے دالوں کا استعمال
وزن میں کمی کے خواہشمند افراد دالوں کو اپنی غذا کا باقاعدہ حصہ بنا سکتے ہیں، اس سے غذائیت سمیت پروٹین بھی حاصل ہوتا ہے جو انسان کو کمزور نہیں ہونے دیتا، ایک کپ پکی ہوئی دال میں صرف 230 کیلوریز پائی جاتی ہیں جبکہ پروٹین اور فائبر کی مقدار اس سے دگنی ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دالیں انسانی خون کو صاف کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں، ایک پلیٹ روزانہ دال کھانے سے مطلوبہ خوراک کا 37 فیصد آئرن حاصل ہوتا ہے اور دالوں کے استعمال سے پٹھوں کو بھی تقویت ملتی ہے۔
Comments are closed.