اسلام آباد: داسو ڈیم میں کام کرنے والے پاکستانی ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔
واپڈا ترجمان کے مطابق داسو ڈیم بنانے والی چینی کمپنی نے پاکستانی ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے، بس واقعے کے بعد واپڈا چینی کمپنی کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہا، چینی کمپنی عنقریب داسو پراجیکٹ پر تعمیراتی کام دوبارہ شروع کردے گی۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چین کی اعلیٰ تحقیقاتی ٹیم داسو بس حادثے کی تحقیقات کے لیے ملک میں موجود ہے، ٹیم میں چینی وزارت خارجہ، تجارت، جرائم کی تحقیقات اور تکنینکی ماہرین شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے جمعہ کو وزارت خارجہ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقات کی، ملاقات میں بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ چینی وفد کو تحقیقات میں پیشرفت اور زخمیوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
ترجمان کے مطابق ہفتے کو چینی ٹیم نے داسو میں حادثے کی جگہ کا دورہ کیا جہاں انہیں پاکستانی تحقیق کاروں نے بریفنگ دی۔ چینی وفد نے پاکستانی اہلکاروں کے ساتھ خود بھی حادثے کی جگہ کا معائنہ کیا۔
Comments are closed.