جمعرات 29؍محرم الحرام 1445ھ17؍اگست 2023ء

خیرپور، پیر کی حویلی سے گرفتار ملزم اسد شاہ کا آج جسمانی ریمانڈ مانگا جائے گا

خیرپور میں 10 سال کی ملازمہ کی ہلاکت کی تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق پیرکی حویلی میں 10 سال کی ملازمہ کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے کیس میں گرفتار ملزم اسد شاہ کو آج عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

پولیس آج بچی کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی عدالت میں درخواست بھی جمع کرائے گی۔

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قبر کشائی کی اجازت ملنے پر بچی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا جبکہ ملزم پیر اسد شاہ کی حویلی میں کرائم سین سے تحویل میں لیے گئے ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈز سے مزید سی سی ٹی وی ویڈیوز بھی چیک کی جارہی ہیں۔

10 سالہ متوفی بچی کی والدہ نے اپنی بیٹی کی موت کا ذمہ دار پیروں کو قرار دیا۔

پولیس حکام کے مطابق گزشتہ شب پیر اسد شاہ کی حویلی سے مزید سی سی ٹی وی ویڈیوز حاصل کرنے کے لیے ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈر تحویل میں لیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست ایس ایچ او اور ڈاکٹر مقدمے میں نامزدنہیں انہیں تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ جرم چھپانے اور غفلت برتنے پر ایس ایچ او رانی پور امیر چانگ سے بھی تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ڈاکٹر عبدالفتح میمن سے بھی بچی کے علاج معالجے پر تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب مقدمے میں نامزد ملزم کی اہلیہ کو پولیس اب تک گرفتار نہیں کرسکی ہے۔

یاد رہے کہ 14 اگست کو رانی پور کے مقامی پیر کی حویلی میں 10 سال کی بچی مبینہ تشدد سےجاں بحق ہوگئی تھی اور پولیس نے بغیر میڈیکل اور پوسٹ مارٹم کے لاش ورثا کےحوالے کر کےتدفین کرا دی تھی۔

جیو نیوز کی اس خبر پر ڈی آئی جی سکھر نے نوٹس لے کر ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.