خیبرپختون خوا حکومت نے صوبے میں کل عیدالفطر منانے کا اعلان کردیا، جس کے بعد صوبائی زونل رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت کی تصدیق کی گئی۔
صوبائی زونل کمیٹی قاری عبدالرؤف مدنی کا کہنا ہے کہ زونل کمیٹی کے اجلاس نے شہادتوں کا جائزہ لیا، شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد ان پر یقین کیا گیا۔
زونل کمیٹی کے پی کے کا کہنا ہے کہ مرکزی رویت کمیٹی سے گزارش ہےاپنے فیصلے پر غور کرے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ شوال کے چاند کی 130 شہادتیں موصول ہوئیں۔
بیرسٹر سیف نے یہ بھی کہا کہ خیبرپختونخوا میں کل عید الفطر منائی جائے گی۔
دوسری جانب خیبرپختون خوا حکومت کے سوشل میڈیا ترجمان نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کل گورنر ہاؤس پشاور میں عید الفطر کی نماز ادا کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کابینہ ارکان اور سرکاری حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ عید الفطر کی نماز ادا کریں گے۔
بتایا جارہا ہے کہ پشاور میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی نے کل عید الفطر کا اعلان کیا تھا جس کے بعد خیبر پختون خوا حکومت نے بھی صوبے میں سرکاری طور پر عید کا اعلان کیا۔
اس طرح رواں سال بھی ملک میں دو عیدیں منائی جائیں گی۔
Comments are closed.