دہرے قتل کے ملزم، رکنِ خیبر پختون خوا اسمبلی فیصل زمان کے سب جیل ایم پی اے ہاسٹل سے فرار ہونے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
فیصل زمان کے ایم پی اے ہاسٹل سے فرار ہونے کی ویڈیو ’جیو نیوز‘ نے حاصل کر لی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فیصل زمان ہاسٹل سے نکل کر کالے رنگ کی گاڑی میں سوار ہوئے۔
ویڈیو کے مطابق ہاسٹل سے روانگی کے وقت کسی سیکیورٹی اہلکار نے گاڑی کو نہیں روکا۔
ایم پی اے فیصل زمان کے فرار کے معاملے میں غفلت برتنے پر 5 جیل پولیس کے اہلکاروں کےخلاف مقدمہ درج کر کے انہیں عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق فیصل زمان کی سیکیورٹی پر مامور 5 جیل اہلکار جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہوئے۔
پانچوں جیل پولیس کے اہلکاروں کے خلاف ایف آئی درج کرائی گئی ہے۔
ان پانچوں اہلکاروں کے خلاف سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل پشاور کی مدعیت میں تھانہ شرقی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق رکنِ صوبائی اسمبلی فیصل زمان کی نگرانی پر ہاسٹل میں 5 اہلکار تعینات تھے،جن کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
فیصل زمان حلقہ پی کے 42 ہری پور سے آزاد رکنِ صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اسپیکر کے پی اسمبلی نے فیصل زمان کے 30 مارچ کو پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔
ذرائع کے مطابق اسمبلی سیشن ختم ہونے کے 42 دن گزرنے کے باوجود فیصل زمان کو جیل نہیں بھیجا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل زمان جیل کے بجائے 23 دنوں سے ایم پی اے ہاسٹل میں مقیم تھے، فرار والے دن فیصل زمان سہ پہر 4 بجے کے بعد سے ایم پی اے ہاسٹل میں موجود نہیں تھے۔
فیصل زمان پر پی ٹی آئی کے رہنما طاہر اقبال اور گل نواز کے قتل کا الزام ہے۔
فیصل زمان کی درخواستِ ضمانت انسدادِ دہشت گردی کی عدالت اور ہائی کورٹ نے مسترد کی تھی۔
انسدادِ دہشت گردی کی عدالت ایبٹ آباد نے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا اور فیصل زمان کی نقل و حرکت پر پابندی لگا ئی تھی۔
Comments are closed.