لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف کی ریفرنس دائر ہونے تک عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔
احتساب عدالت لاہور میں اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی جس میں مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف پیش ہوئے۔
خواجہ آصف کے وکلاء نے ریفرنس دائر ہونے تک عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف کے خلاف ریفرنس تاحال دائر نہیں کیا گیا اور ماضی میں ایسی صورتِ حال میں حاضری سے استثنیٰ کی استدعا منظور کی گئی ہے۔
احتساب عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میں دیگر احتساب عدالتوں کا پابند نہیں تاہم آپ ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں دکھائیں۔
نیب کے پراسیکیوٹر نے خواجہ آصف کو ریفرنس دائر ہونے تک حاضری سے استثنیٰ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق خواجہ آصف ہر تاریخ پر عدالت میں پیش ہونے کے پابند ہیں۔
نیب کے پراسیکیورٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ جب تک عدالت کوئی آرڈر نہیں کرتی خواجہ آصف عدالت میں پیش ہونے کے پابند ہیں۔
عدالت نے خواجہ آصف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔
Comments are closed.