فرانس کے دارالحکومت پیرس کے نواحی علاقے پیری فیت میں پاکستان پبلک ایڈ ٹرسٹ اور اخوت کے باہمی اشتراک سے معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر امجد ثاقب اور فرح اقرار کے ساتھ فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی چئیرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب تھے۔
پاکستان پبلک ایڈ ٹرسٹ کے بانی معروف سماجی شحصیت ناصر عباس تارڑ اور ان کے ساتھیوں نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے اعجاز بابر ساہی نے کیا۔
پیرس کے معروف نعت خواں عاشق رندھاوی نے آقا دو جہاںﷺ کی بارگاہ میں نعت پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ خواب وہ نہیں ہوتے جو سوتے میں دیکھے جاتے ہیں، خواب وہ ہوتے ہیں جو آپ کو سونے نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ قرض حسنہ کے ساتھ ساتھ اخوت فری تعلیم کے مشن پر بھی عمل پیرا ہے۔ منڈی بہاؤ الدین میں پہلے آئی ٹی ایکسیلینس سینٹر کے لیے آپ سب کے تعاون کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ لوگ فرانس کی مقامی فلاحی تنظیموں کے لیے بھی عطیات دیا کریں اس سے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا-
یو کے اینڈ یورپ اخوت کے صدر عارف انیس نے اپنے خطاب میں کہا کہ آگے بڑھنے کی لگن سے ہی کامیابی آپ کے قدم چومتی ہے۔ جس ملک میں موجود ہیں وہاں کے معاشرے میں اپنی جگہ بنائیں، یہاں کی سیاست میں اپنا نام بنائیں، آپ کی کامیابی آپ کی نسلوں کے لیے مشعل راہ اور آپ کے آبائی وطن کے لیے فخر کا باعث ہوگی۔
ناصر تارڑ نے منڈی بہاؤ الدین اوور سیز اسپتال اور دوسرے پراجیکٹس کے لیے تعاون کرنے والے اہل فرانس کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
مہمانوں نے آئی ٹی ایکسیلینس سینٹر کے طلباء کی فری تعلیم کے لیے ڈیڑھ کروڑ پاکستانی روپے کے عطیات دیے۔
تقریب کے آخر میں ڈاکٹر امجد ثاقب نے اخوت فرانس کی بنیاد رکھنے کا اعلان بھی کیا۔
Comments are closed.