متحدہ عرب امارات کے خلاباز کی جانب سے خلا سے سعودی عرب کی مقدس مساجد مسجدالحرام اور مسجدِ نبویﷺ کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے خلاباز، سلطان النیادی نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے لیلۃ القدر کے موقع پر اسلام کے مقدس ترین مقامات، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی عظیم الشان مساجد کا خلا سے خوبصورت نظارہ شیئر کیا ہے، یہ مقامات خلا سے زمین پر چمکتے موتیوں کی طرح دکھائی دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آج کل مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان رمضان المبارک کے دوران عمرہ کی ادائیگی کے لیے موجود ہیں۔
یاد رہے کہ یو اے ای کے خلا باز سلطان النیادی اس وقت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) میں 6 دیگر ارکان کے ساتھ 6 ماہ کے خلائی مشن پر ہیں۔
آج کل خلاباز سلطان النیادی رواں ماہ 28 اپریل کو طے شدہ اسپیس واک پر جانے کی تیاری کر رہے ہیں جو کہ متحدہ عرب امارات اور کسی بھی دوسرے عرب ملک کے لیے پہلا موقع ہوگا۔
اس سے قبل امریکا، کینیڈا، روس اور فرانس سمیت صرف نو دیگر ممالک نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
Comments are closed.