افشا ہونے والی خفیہ امریکی دستاویزات سے متعلق امریکی میڈیا پر ایک اور رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں مصر اور روس کے تعلقات کے حوالے سے انکشافات کیے گئے ہیں۔
امریکی افشا دستاویزات کے مطابق مصر نے خفیہ طور پر روس کو راکٹ دینے کا منصوبہ بنایا تھا، مصری صدر سیسی نے فروری میں روس کے لیے 40 ہزار راکٹ تیاری کا منصوبہ بنایا۔
امریکی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ السیسی نے ہدایت دی کہ مغرب سے مسائل سے بچنے کے لیے پیداوار اور ترسیل کو خفیہ رکھا جائے۔
امریکی میڈیا کے مطابق روس کو توپ خانے اور بارود کی فراہمی کے منصوبوں کا بھی حوالہ دستاویزات میں شامل ہے۔
ایک امریکی اہلکار کے مطابق روس کو مصر سے راکٹوں کی فراہمی پر عمل درآمد ہوتا نہیں دیکھا۔
اس ضمن میں امریکی سینیٹر کرس مرفی کا کہنا ہے کہ مصر مشرقِ وسطیٰ میں ہمارے قدیم ترین اتحادیوں میں سے ایک ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ راکٹوں کی فراہمی سچ ہے تو مصر سے تعلقات پر سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب مصری وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یوکرین جنگ میں مصر کا شروع سے مؤقف عدم شمولیت ہے۔
مصری وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مصر دونوں ملکوں کے ساتھ مساوی فاصلہ برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
Comments are closed.