
خصوصی طیارہ سابق صدر پرویز مشرف کا جسد خاکی لے کر دبئی سےکراچی روانہ ہوگیا۔
پاکستانی وقت کے مطابق 10بجے کے قریب جہاز کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گا۔
سابق صدر پرویز مشرف کی میت کے ہمراہ ان کی اہلیہ صہبا، بیٹا بلال اور بیٹی بھی پاکستان آر ہے ہیں۔
اس سے قبل پاکستانی وقت کے مطابق پرویز مشرف کی میت ساڑھے 11 بجے دن پاکستان کے لیے روانہ کی جانی تھی، اس کے بعد میت روانگی کےلیے سہ پہر کا وقت مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد یہ خبر سامنے آئی کہ خصوصی طیارہ شام 7 بجے میت لے کر پاکستان روانہ ہو گا، تاہم مزید تاخیر کے بعد اب رات ساڑھے آٹھ بجے خصوصی طیارہ دبئی سے روانہ ہوا۔
میت پاکستان لے جانے کے لیے یو اے ای میں پاکستانی سفارت خانہ پہلے ہی این او سی جاری کر چکا ہے۔
واضح رہے کہ سابق صدر اور آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اتوار کی صبح دبئی میں انتقال کر گئے تھے، ان کی عمر 79 برس تھی۔
پرویز مشرف اعضاء کی خرابی کی بیماری (ایمیلوئیڈوسس) میں مبتلا اور 18 مارچ 2016ء سے دبئی کے امریکی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
Comments are closed.