پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِ اعظم کی جانب سے بہترین کارکردگی پر 10 وفاقی وزراء میں تعریفی اسناد کی تقسیم پر کہا کہ خان صاحب نے اپنے 10 چمچوں کو سرٹیفکیٹ بانٹے، باقی ارکان پر وزیراعظم کو خود اعتماد نہیں۔
بلاول بھٹو نے ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی قسمت تبدیل کرنے ، ملک بچانے کے لیے نکل رہے ہیں۔ احتجاج کی مہم کو نئے مرحلے میں داخل ہونا ہے، ہم نے مل کر کٹھ پتلی حکومت کا بندوبست کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے آج انہوں نے ہر کسی کو چھوڑ دیا ۔
ورکرز کنونشن سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی نے اعلان جنگ کیا ہے، نااہل ، نالائق اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے، اس جنگ میں آپ ہمارے سپاہی ہیں، ہم نے مل کر یہ جنگ لڑنا اور جدوجہد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ کٹھ پتلی نظام کے خاتمہ کا بندوبست کرنا ہے، کوئی ایسا ایشو نہیں جس پر پیپلز پارٹی نے عوام کے ساتھ مل کر احتجاج نہ کیا ہو، پیٹرول، گیس، چینی، کے بحران پر پیپلز پارٹی نے ملک میں احتجاج کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یوریا بحران اب تک چل رہا ہے، کسان مارچ، ٹریکٹر مارچ پر آپ کو شاباش دیتے ہیں، کسان کا ایشو کل پاکستان کے عوام کا فوڈ کا ایشو ہوگا، کسانوں کا معاشی قتل ہورہا ہے ، پیپلز پارٹی کل بھی عوام کے ساتھ کھڑی تھی اور آج بھی عام آدمی کی جماعت ہے۔
ہم 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے
بلاول بھٹو نے کہا کہ احتجاج کی مہم کو نئے مرحلے میں داخل ہونا ہے، مہنگائی ، بیروزگار اور غربت کے خلاف عوامی مارچ ہر سی ای سی میں بحث ہوئی، مہنگائی ،بیروزگاری اور غربت آج ہے تو کل تک کیسے انتظار کرسکتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 27 فروری قریب ہے، ہم 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے، جی ٹی روڈ سے گزرتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے،اور وزیراعظم سے حساب لیں گے، لانگ مارچ کی مہم چل رہی ہے، آپ کو گھر گھر پہنچنا ہے۔
انہوں نے ورکرز سے خطاب میں کہا کہ آپ نے فیصلہ کرنا ہے کون سے سپاہی اور کارکن ہوں گے جو ہمارا استقبال کریں گے، کس سپاہی نے استقبال میں شریک ہونا ہے، کس سپاہی نے ساتھ رہنا ہے، کس سپاہی نے ہمیں اسلام آباد میں ملنا ہے، یہ فیصلہ آپ نے کرنا ہے۔
تبدیلی کے نام پر تباہی کی جارہی ہے
بلاول بھٹو نے کہا کہ جدوجہد کے نتیجے میں عوام کو عذاب سے نجات دلا سکیں گے، تبدیلی کے نام پر تباہی کی جارہی ہے، ماضی کی کرپشن کا راگ الاپنے کے علاوہ کوئی بات نہیں ہورہی، تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن خان صاحب نے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اور ہمارے مخالف کو چور کہتا تھا، کسی کو نہیں چھوڑنا تھا، میرے خیال میں خان صاحب نے ہر کسی کو چھوڑ دیا ہے، ہم تو کہیٕں بھاگے بھی نہیں۔
زرداری بیماری کے باوجود پاکستان کی سرزمین پر موجود ہیں
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ زرداری بیماری کے باوجود پاکستان کی سرزمین پر موجود ہیں، آصفہ بھی موجود ہے، پکڑ سکتے ہو تو پکڑو، آپ نے جو الزام لگایا ہے ہم اس سے بری ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جس نے بھی ہم پر جھوٹا الزام لگایا ہے ان کو سزایافتہ ہونے کا بوجھ اٹھانا پڑرہا ہے، جس نے بھی بی بی پر جھوٹا الزام لگایا وہ ثابت نہیں کرسکا، مشرف بھگوڑا ہوگیا ہے، جو چور چور کہتے نہیں تھکتا تھا، اب نیا آیا ہے جو چور چور کہہ رہا ہے، ان کے ساتھ بھی یہی ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد اور الیکشن کے وقت نظر آئے گا عوام آپ کی کارکردگی پر کیا رائے رکھتے ہیں۔
Comments are closed.