پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ ہمارا خاندان اور جماعت ایک ہی پیج پر ہیں۔
’’تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے ہوئے‘‘
اسلام آباد سے جاری کیے گئے بیان میں صدر پاکستان مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے ہوئے، جنہیں میری مکمل حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو افواہیں چل رہی ہیں اور چلوائی جا رہی ہیں وہ غلط ہیں، پارٹی یا گھر میں تمام فیصلے میری مشاورت اور رضامندی کے ساتھ ہوتے ہیں۔
’’مجھے خاندان کا سربراہ سمجھا جاتا ہے‘‘
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ وضاحت پر یقین نہیں رکھتا، کہنا چاہوں گا کہ مجھے خاندان کا سربراہ سمجھا جاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی تعداد موجودہ اسمبلی میں سابقہ اسمبلیوں سے زیادہ ہے، نوجوانوں پر الزام لگانا اور شک کرنا غلط بات ہے۔
’’پیسے کے لین دین کا لفظ استعمال نہیں ہونا چاہیے‘‘
سربراہ ق لیگ نے کہا کہ پیسے کے لین دین کے لفظ کا استعمال نہیں ہونا چاہیے، خاص کر پڑھے لکھے لوگ پیسے کے لین دین کی بات پسند نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا ہے کہ غلط قسم کا پروپیگنڈا کرنا یا کروانا نہایت نامناسب ہے، حقائق کو جوڑ توڑ کر پیش کرنا یا کروانا بھی نہایت نامناسب ہے۔
’’خاندان میں اختلافات کی بات میں صداقت نہیں‘‘
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ آپ کے خاندان میں اختلافات ہیں، اس بات میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ ہمارا خاندان 50 سال سے پنجاب ہی نہیں پاکستان کے تمام اضلاع میں پھیلا ہوا ہے۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کو حاضر و ناظر جان کر کہتا ہوں کہ فیصلے میری رضامندی سے کیے جاتے ہیں۔
’’اختلافات کے پروپیگنڈے سے فائدہ اٹھانے والوں کو مایوسی ہوگی‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ اختلافات کا پروپیگنڈا کر کے جو سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں انہیں مایوسی ہو گی۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا یہ بھی کہنا ہے کہ کسی ایشو پر رائے کو فیصلہ سمجھ کر پروپیگنڈا نہیں کرنا چاہیے۔
Comments are closed.