وزیراعظم عمران خان نے چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) امور کے لیے خالد منصور کو معاون خصوصی تعینات کیا ہے۔
خالد منصور اب تک کہاں کہاں اور کن کن عہدوں پر کام کرچکے ہیں، اس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
خالد منصور حب پاور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)، آئی پی پیز ایڈوائزری کونسل کے چیئرمین اور اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس ایند انڈسٹری کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر نے سی پیک امور کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی کے حوالے سے کہا کہ خالد منصور چینی کمپنیوں کے ساتھ کام کا تجربہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی شمولیت سے بڑے منصوبے آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ نے عہدے پر 2 سال مکمل ہونے پر اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھجوادیا۔
وزیراعظم نے عاصم سلیم باجوہ کا استعفیٰ منظور کرلیا اور خالد منصور کو سی پیک امور سے متعلق اپنا معاون خصوصی مقرر کردیا۔
عاصم سلیم باجوہ نے خالد منصور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ سی پیک پاکستان کی لائف لائن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خالد منصور سی پیک کو آگے لے جانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
خالد منصور نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ملکی ترقی سی پیک کے منصوبوں سے جڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں خاص طور پر بجلی کے منصوبوں کو آگے بڑھانا ان کی اولین ترجیح ہے۔
Comments are closed.