پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رکن سندھ اسمبلی شبیر قریشی کو خاتون کی شکایت پر پولیس نے حراست میں لے لیا۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ شبیر قریشی کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، وہ فجر کی نماز کے لیے نکلے تھے، پولیس گرفتار کر کے لے گئی۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گرفتاری کے بعد رکن سندھ اسمبلی کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رات 3 بجے تھانہ سائٹ میں ایک خاتون نے شکایت درج کرائی تھی، خاتون کا الزام ہے کہ شبیر قریشی نے اس سے دست درازی کی۔
جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ خاتون کی شکایت پر شبیر قریشی کےخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، مقدمے پر انہیں فی الحال حراست میں لیا گیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل نے شبیر قریشی کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رات بھر 2 پولیس موبائلیں شبیر قریشی کے گھر کے باہر موجود تھیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے ایم پی اے شبیر قریشی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی جیالا فورس نے پی ٹی آئی کو نیزے پر رکھا ہوا ہے، ہر قسم کےجھوٹے الزامات پی ٹی آئی رہنماؤں پر لگائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شبیر قریشی کی جبری گرفتاری تشویشناک ہے، مذمت کرتے ہیں، انہیں فوری رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
Comments are closed.