اسپینش فٹبال فیڈریشن کے صدر کی جانب سے خاتون کھلاڑی کو بوسہ دینے کے معاملے پر 80 خواتین کھلاڑیوں نے ہڑتال کی کال دے دی۔
خواتین کھلاڑیوں کی یونین ( Futpro) کے جاری کردہ بیان کے مطابق جینی ہرموسو سمیت دیگر 80 خاتون کھلاڑیوں نے ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن (RFEF)کی موجودہ قیادت کی برطرفی تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ خواتین کھلاڑیوں کی یونین نے یہ اعلان اسپینش فٹبال فیڈریشن کے موجودہ صدر لوئیس روبیالس کی جانب سے جاری کردہ معافی نامے اور عہدے سے مستعفی ہونے سے انکار کے بعد کیا ہے۔
46 سالہ لوئیس روبیالس نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ویمن ورلڈ کپ فائنل میں اسپین کی سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح سے کافی پُرجوش ہوگئے تھے، اس وقت یہ نارمل لگا لیکن بعد میں مسئلہ پیدا ہوگیا۔
انہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے مزید کہا کہ مجھے معافی مانگنی چاہیے اور اس واقعے سے سیکھنا چاہیے، مجھے یہ سمجھنا ہوگا کہ جب آپ صدر کے منصب پر ہوں تو آپ کو زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔
تاہم لوئس روبیالس نے معافی مانگتے ہوئے یہ بھی کہا کہ بوسہ لینے سے قبل انہوں نے خاتون کھلاڑی سے اجازت لی تھی، جینی ہرموسو کی اس میں رضامندی شامل تھی، جس کے بعد تنازع طول پاگیا۔
بعدازاں خاتون کھلاڑی جینی ہرموسو نے اپنے جاری کردہ بیان میں سخت الفاظ میں واضح کیا کہ اس میں ان کی رضامندی شامل نہیں تھی، بلکہ وہ اس موقع پر خوف زدہ اور خود کو ہراساں محسوس کررہی تھی۔
خیال رہے کہ خواتین کھلاڑیوں کی یونین ( Futpro) کے جاری کردہ بیان کے مطابق ورلڈ کپ جیتنے والی تمام 23 خاتون کھلاڑیوں سمیت دیگر 80 کھلاڑیوں نے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
ان خاتون کھلاڑیوں میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلنے والی کھلاڑی شامل ہیں اور ان کے مطابق ایسے ناقابل قبول واقعات خواتین کھلاڑیوں کی کامیابی کو داغدار بنا دیتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ موجودہ قیادت جب تک برقرار رہے گی اس وقت تک ہڑتال کرنے والی تمام کھلاڑی کسی بھی قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنیں گی۔
دوسری جانب فیفا کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس حوالے سے دیکھا جائےگا کہ آیا یہ عمل فیفا کے نظم و ضبط اور برتاؤ سے متعلق آرٹیکل 13 کے خلاف ہے یا نہیں۔
فیفا کا کہنا ہےکہ وہ ہر فرد کی آزادی اور خود مختاری کے حق پر سختی سے قائم ہے اور اس کے برعکس کی جانے والی کسی بھی حرکت کی شدید مذمت کرتی ہے۔
واضح رہے کہ اتوار 20 اگست کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی مشترکہ میزبانی میں منعقدہ فیفا ویمن ورلڈکپ فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسپین کی ٹیم نے انگلینڈ کی ٹیم کو 0-1 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
ورلڈ کپ فائنل کی تقریبِ تقسیم انعامات کے موقع پر فیڈریشن کے صدر لوئس روبیالس سے جب ٹیم کی کھلاڑی جینی ہرموسو ملنے آئیں تو انہوں نے پہلے کھلاڑی کو گلے لگایا اور پھر بوسہ لے لیا جس پر شدید تنقیدکی جا رہی ہے۔
Comments are closed.