پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ خاتون سیشن جج کو دھمکی دینے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کا نوٹس خوش آئند ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیری رحمٰن نے کہا کہ ججز اور پولیس افسران کو دھمکیاں دینے کی روش قابل تشویش ہے، ان دھمکیوں کو سنجیدہ نہ لیا گیا تو یہ رواج بن جائے گا۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ انصاف اور قانون نافذ کرنے والوں کو ہر کوئی ڈرانے دھمکانے کی کوشش کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا، شہید بی بی نے ساری زندگی عدالتوں کا سامنا کیا لیکن ججز کو دھمکیاں نہیں دیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں آصف زرداری کا مہینوں ریمانڈ دیا جاتا تھا، ہم نے کبھی کسی جج کو دھمکی نہیں دی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ تحریک انصاف 2 دن کے ریمانڈ پر جج کو دھمکی دے رہی ہے، عمران خان ساری عمر عدالتوں اور اداروں کے لاڈلے رہے، وہ اب خود کو قانون اور عدالتوں سے بالا سمجھتے ہیں۔
پی پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ غلطی تسلیم کرنے کے بجائے پی ٹی آئی رہنما ملک بند کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، ملک جام کرنے کے منصوبے بھی بنا رہے ہیں اور گرفتاری کے ڈر سے چھپ رہے ہیں۔
Comments are closed.