اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بیٹر کولن منرو نے نوجوان وکٹ کیپر اعظم خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر حیرت ہے کہ اعظم خان پاکستان ٹیم میں کیوں منتخب نہیں ہو رہے۔
اعظم خان نے گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم میں 28 گیندوں پر 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 1 چھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔
اس دوران انہوں نے کولن منرو کے ساتھ شاندار شراکت داری بھی نبھائی تھی۔
جب منرو سے پریس کانفرنس میں اعظم کی بیٹنگ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اعظم نے کمال کی بیٹنگ کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ اعظم خان پاکستان ٹیم میں کیوں نہیں کھیل رہے، ان کی اور بھی پلیئرز سے اس حوالے سے بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ اعظم کے وزن پر اعتراض کرتے ہیں لیکن اگر وہ پاکستان کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں تو پھر کیوں ٹیم میں نہیں لیا جارہا انہیں۔
کولن منرو نے کہا کہ اس وکٹ پر 175 اچھا اسکور تھا، کراچی کے حیدر نے اچھی بیٹنگ کی لیکن اسلام آباد کو اس کی حکمت عملی کام آگئی، ریسی ون ڈر ڈوسن اور اعظم نے شاندار بیٹنگ کی۔
ایک سوال پر انہوں نے پاکستان سپر لیگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی کہتا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں فاسٹ بولنگ کا ٹیلنٹ شاندار ہے، کچھ بولرز تو ایسے ہیں جن کا سامنا کرتے بیٹسمین گھبراتے ہیں۔
کولن منرو نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ایک مشکل ٹورنامنٹ ہے کیوں کہ یہاں مختلف کنڈیشنز کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اس بات میں کوئی شک نہیں کہ یہ دنیا کے بہترین ٹورنامنٹس میں سے ایک ہے۔
Comments are closed.