حیدرآباد میں بینک کی کیش وین سے 13 کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹنے والے 4 ملزمان مبینہ طور پر ایک مقابلے میں ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) حیدرآباد امجد شیخ کے مطابق حیدرآباد پولیس نے تھانہ ہٹری کے علاقے میں ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تو پولیس مقابلہ ہوگیا۔
دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔
امجد شیخ کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے 5 کروڑ 40 لاکھ روپے کی رقم برآمد ہوئی ہے، مارے گئے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
ایس پی امجد شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان حیدرآباد میں چند روز قبل بینک کی کیش وین سے 13 کروڑوں روپے لوٹنے کی واردات میں ملوث تھے۔
ایس ایچ او حیدرآباد سٹی عمران رشید کے مطابق پولیس مقابلے کے دوران ان کے تھانے کا پولیس اہلکار کانسٹیبل اسد چنا زخمی ہوا، زخمی اہلکار کی ٹانگ میں گولی لگی ہے، جسے کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
Comments are closed.