پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدر نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کی آبادی میں صرف 29 لاکھ کے فرق رہ گیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کی آبادی کا فرق بتا رہا ہے کہ مردم شماری کتنی شفاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے 7 وزیروں نے مردم شماری کے معاملے میں خود کو پیپلز پارٹی کو بیچا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جس مردم شماری پر 45 ارب روپے خرچ ہوئے اس میں کراچی کی آبادی 20 لاکھ کم کی گئی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس مردم شماری کی وجہ سے کراچی کی قومی اسمبلی کی دو نشستیں کم ہوجائیں گی، ایم کیو ایم کے وزیروں کے بکنے سے فرق نہیں پڑتا، پی ٹی آئی کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس سے قبل ایم کیوایم رہنما فاروق ستار کراچی میں مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں جاری ساتویں مردم شماری کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔
ترجمان ادارہ شماریات کے مطابق مردم شماری میں 15 اپریل تک توسیع کی گئی ہے، مردم شماری میں توسیع کا اطلاق 19 شہروں پر ہوگا۔
جن شہروں میں مردم شماری میں 15 اپریل تک توسیع کی گئی ہے، ان میں گلگت، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشین، خضدار، پنجگور، کیچ، کوہلو، وارسک، گوادر، ژوب، لسبیلہ، چاغی، نوشکی، مستونگ، ہرنائی، لاہور اور راولپنڈی شامل ہیں۔
Comments are closed.