پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ قاری سید صداقت علی نے کہا ہے کہ ریاست میں حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنا اور معصوم شہریوں کو قتل کرنے والا دین اسلام سے خارج ہے۔
سید صداقت علی نے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نقصان پہنچانے والا گرہ مسلمان نہیں ہوسکتا اور یہ پورے پاکستان کے علما کا متفقہ فتویٰ ہے، یہی ہمارا پیغام ہے جسے اجاگر کرنا ان کا مشن ہے جس کے لیے وہ بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔
گزشتہ روز روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے قاری سید صداقت علی کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران انہوں نے دنیا کے سات ممالک کا سفر کیا ہے جہاں عالمی رہنماؤں اور بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان کا پیغام پہنچایا ہے۔
قاری سید صداقت علی نے کہا اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، ان کی پاکستان کے لیے عظیم خدمات ہیں، انہیں چاہیے کہ اپنی قانونی ترسیلات میں اضافے کے زریعے پاکستان کی گرتی ہوئی معیشت کو سہارا دیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی مدد آپ اور اپنے چاہنے والوں کے تعاون سے پوری دنیا کا سفر کر کے پیغامِ پاکستان کو اجاگر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
اپنی جاپان میں مصروفیات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ سے ملاقات بہترین رہی کئی اور مساجد میں ان کے پروگرامز کیے جا رہے ہیں جبکہ وہ بائیس اپریل کو جاپان سے امریکا روانہ ہوں گے۔
Comments are closed.