زلزلہ سے متاثرہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں حکومتی اور نجی سطح پر زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق خستہ حال مکانات کے متاثرین خیموں کی فراہمی کے باوجود محفوظ مقامات پر منتقل نہیں ہورہے۔
ہرنائی کے علاقے بابو محلہ کے زلزلہ متاثرین نے امداد نہ ملنے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے امدادی سامان پہنچنے کے باوجود متاثرین میں تقسیم نہیں ہورہا۔
زلزلہ سے متاثرہ ضلع ہرنائی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق زلزلہ متاثرین کی داد رسی اور مسائل کے اندراج کے لئے کنٹرول روم قائم کرکے مالی اور جانی نقصانات کے لئے جوائنٹ سروے شروع کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سہیل انور ہاشمی کے مطابق متاثرین امدادی سامان کے حصول کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس یا ایف سی دفاتر جانے سے گریز کریں اور گھروں میں رہیں۔ فوج، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ امدادی سامان گھروں پر پہنچا رہی ہے۔
دوسری طرف ہرنائی کے بابو محلہ کے زلزلہ متاثرین نے امداد نہ ملنے کے خلاف احتجاج کیا۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ 5 دن گزرنے کے باوجود انہیں امدادی سامان نہیں ملا۔ رات کے وقت سردی کے باعث وہ کھلے آسمان تلے پڑے ہوئے ہیں۔
ریلیف سینٹر کے مطابق این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے زلزلہ متاثرین کے لئے 15 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان پہنچ گیا ہے جس میں ٹینٹ ،گرم کمبل، گھریلوں سامان اور خوراک شامل ہے۔
Comments are closed.