وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ حکومت کے لیے اپوزیشن یا پی ڈی ایم کوئی چیلنج نہیں، حکومت کے لیے چیلنج پی ڈی ایم نہیں بلکہ معاشی بدحالی اور مہنگائی ہے۔
ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو میں غلام سرور خان نے کہا پی ڈی ایم میں بھی میر جعفر اور میر صادق ہیں، وہی میر جعفر اور میر صادق آج اکٹھے ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد غیر فطری ہے، چھرا گھونپنے اور کھانے والے آج اپنا مال بچانے کے لیے اکٹھا ہو رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور پی ڈی ایم حکومت کے لیے کوئی چیلنج نہیں ہے، اصل چیلنج معاشی بدحالی اور مہنگائی ہے، تیل و گیس کی قیمتیں ساری دنیا میں اوپر گئی ہیں۔
غلام سرور خان نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی چوروں ڈاکوؤں کی جماعت ہے اسی لیے اسے خیرباد کیا، پی ڈی ایم کو دھرنے یا لانگ مارچ کی سیاست نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی سے ہونے والا معاہدہ پاکستان کے لیے موثر ہوگا، اتحادیوں کو 2 ، 2 وزارتیں دی گئیں، ناراضگی کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف، آصف زرداری، فریال تالپور اور خورشید شاہ ضمانت پر ہیں رہا نہیں ہوئے۔
Comments are closed.