وفاقی حکومت کی جانب سے یومِ اقبال پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت نے شاعرِ مشرق، علامہ محمد اقبال کے یومِ پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق 9 نومبر بروز جمعرات کو ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔
عام تعطیل سے متعلق نوٹیفکیشن کابینہ ڈویژن نے جاری کیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 146 واں یومِ پیدائش منایا جائے گا۔
علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم آبائی شہر میں حاصل کی اور اعلیٰ تعلیم کے لیے پہلے لاہور اور بعد ازاں برطانیہ چلے گئے۔
علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پر منتشر مسلمانوں کو خوابِ غفلت سے جگانے کا بیڑہ اٹھایا اور پاکستان کا تصور دیا۔
ڈاکٹر علامہ محمد اقبال قیام پاکستان سے 9 برس قبل 21 اپریل 1938ء کو لاہور میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔
علامہ اقبال کا کلام اُردو اور فارسی دونوں زبانوں میں موجود ہے۔
ان کی مشہور کتابوں میں بانگِ درا، بالِ جبریل، اور ضربِ کلیم اُردو شاعری کے مجموعے ہیں جبکہ پیامِ مشرق، زبورِ عجم، جاوید نامہ وغیرہ فارسی کی کتابیں ہیں۔
Comments are closed.