اسلام آباد: حکومت نے رواں سال بغیر امتحانات بچوں کو پروموٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بلکہ تمام کلاسوں کے امتحانات ہر حال میں ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا، جس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے، اجلاس میں گرمیوں کی چھٹیاں مزید کم کرنے، تمام کلاسز کے امتحانات ایس او پیز کے تحت کروانے اور جون میں بورڈ امتحانات لینے کی تجاویز زیرغور آئیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال کسی کو بغیر امتحان پروموٹ نہیں کیا جائے گا، بلکہ تمام کلاسوں کے امتحانات ہر صورت لیے جائیں گے۔
حکومت نے ایس او پیز کے تحت ہر صورت امتحانات لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق پہلے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات جون کے تیسرے ہفتے میں ہوں گے، تاہم تاریخ کا اعلان متعلقہ صوبے خود کریں گے۔
رزلٹ میں تاخیر ہونے کی صورت میں جامعات پروویژنل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر داخلے دیں گی۔ جبکہ موسم گرما کی تعطیلات کم ہوں گی جس کا فیصلہ صوبے کریں گے۔
Comments are closed.