گزشتہ شب حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم مہنگائی سے بدحال، بے بس اور پریشان شہریوں نے اس کمی کو انتہائی کم قرار دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی 3 روپے فی لیٹر کمی سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا، ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی میں اضافہ ہو گا۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کرے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے آئندہ 15 دن کے لیے پیٹرول سستا اور ڈیزل مہنگا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزارتِ خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہوا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 227 روپے 19 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 95 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کی قیمت 244 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 62 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت 201 روپے 7 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 12 پیسے کمی کے بعد 191 روپے 32 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
Comments are closed.