حکومت پنجاب نے 9 مئی کے واقعات میں گرفتار ہونے والی خواتین کے کوائف جاری کردیے۔
نگراں وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے خواتین قیدیوں سے متعلق تحریک انصاف کے لگائے گئے الزامات مسترد کردیے اور کہا کہ خواتین سے بدسلوکی کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے جیلوں میں قید خواتین سے بدسلوکی کا پروپیگنڈا جھوٹ کا پلندا ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں مجموعی طور پر 32 خواتین کو گرفتار کیا گیا، ان میں سے 21 رہا ہو چکی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر پنجاب کی مختلف جیلوں میں قید ہیں۔
عامر میر نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث خواتین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کے حقوق کی سب سے بڑی علمبردار ہے، اسلام بھی ہمیں خواتین کی عزت اور احترام سکھاتا ہے۔ خواتین سے بدسلوکی کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔
Comments are closed.