جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

حکومت نے پی سی بی کو پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق بیچنے کی اجازت دے دی

حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نشریاتی حقوق سمیت دیگر مالی معاملات پر کام کرنے کی اجازت دے دی، جس کے بعد پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن سے متعلق معاملات میں تیزی آگئی ہے۔

وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کو گزشتہ دنوں ہدایت دی تھی کہ وہ ایسا کوئی فیصلہ وفاقی حکومت کی اجازت کے بغیر نہ کرے جس میں مالی معاملات شامل ہوں۔

اس کے بعد پی سی بی نے پی ایس ایل کے نشریاتی و دیگر حقوق کی فروخت کےلیے حکومت سے رابطہ کیا تھا۔

پی ایس ایل 9 کےلیے ونڈو آئندہ برس 8 فروری سے 24 مارچ رکھی گئی ہے، ذرائع

پی سی بی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بورڈ کو منگل کو حکومتی اجازت مل گئی ہے جس کے بعد پاکستان سپر لیگ کی ٹیکنیکل بڈ اوپن کردی گئیں۔ فنانشل بڈ اگلے ہفتے کھل جائیں گی جس کے بعد پاکستان سپر لیگ کے نشریاتی حقوق کا فیصلہ ہوجائے گا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ڈیجیٹل رائٹس کی فروخت پر بھی اسی ہفتے فیصلہ ہوجائے گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے 17 فروری سے آغاز کےلیے بھی تیاری تیز کردی ہے۔

پی ایس ایل کا 9واں ایڈیشن 17 فروری کو لاہور سے شروع ہوگا جبکہ 17 مارچ کو کراچی میں اسکا فائنل کھیلا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.