بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حکومت مصدقہ ثبوتوں پر ڈکلیریشن دے سکتی ہے، عدالت اسے برقرار رکھے تو پی ٹی آئی تحلیل ہو جائے گی : رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت مصدقہ ثبوتوں پر ڈکلیریشن دے سکتی ہے کہ پی ٹی آئی فارن ایڈ پارٹی ہے اور اگر سپریم کورٹ یہ ڈکلیریشن برقرار رکھتی ہے تو پارٹی تحلیل ہوجائے گی،عمران خان کاسیاست میں ر ہناجمہوریت اور سیاست دونوں کے لئے نقصان دہ ہے۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سو فیصد درست فیصلہ کیا ہے اور اس کے فیصلے نے ثابت کیا کہ پی ٹی آئی ایک فارن فنڈڈ پارٹی ہے، اس نے ریکارڈ میں جعل سازی کی اور اکائونٹس چھپائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 34غیر ملکی شہریوں اور 351 کمپنیوں سے فنڈز لیتی رہی، پولیٹیکل پارٹی ایکٹ اور الیکشن ایکٹ کے مطابق بھی ممنوعہ فنڈنگ جرم ہے، حکومت ان مصدقہ ثبوتوں پر ڈکلیریشن دے سکتی ہے کہ پی ٹی آئی فارن ایڈ پارٹی ہے، اگر سپریم کورٹ یہ ڈکلیریشن برقرار رکھتی ہے تو پارٹی تحلیل ہوجائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے فیصلے نے عمران کو جھوٹا اور جعل ساز ثابت کیا، حکومتی اتحاد کی میٹنگ میں فیصلے کے بعد کا لائحہ عمل بنایا گیا ہے، قوم کو عمران خان سے متعلق آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سیاست میں رہے گا تو جمہوریت رہے گی اور نہ ہی سیاست آگے بڑھ سکتی ہے، اس کی رعونیت اور تکبر ہے، یہ کہتا ہے کہ ملک کے دشمنوں سے بات کرسکتا ہوں مگر سیاسی مخالفین سے بات نہیں کرسکتا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا جس کے مطابق تحریک انصاف پر ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوگئی ہے۔

You might also like

Comments are closed.