بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حکومت عمران خان کی کامیابی سے خوفزدہ ہوکر الیکشن سے کترا رہی ہے، شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان کی کامیابی سے خوفزدہ ہوکر الیکشن کرانے سے کترا رہی ہے۔

ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک شدید معاشی بحران میں ہے، واحد حل فوری انتخابات ہیں، حکومت عوام کے سڑکوں پر آنے سے قبل جنرل الیکشن کا اعلان کرے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات کے نتائج پی ڈی ایم کی 11 جماعتوں کے لیے لمحہ فکر ہیں، یہ مل کر بھی ایک جماعت کو شکست نہیں دے سکے۔

پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ ایک نشست پر ڈنڈی ماری گئی، ایک امیدوار کو 49 ووٹوں سے جتوایا گیا، حکومت عمران خان کی کامیابی سے خوفزدہ ہوکر الیکشن کرانے سے کترا رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی، بجلی کے بڑھتے ہوئے بلوں اور ٹیکسوں سے انتہائی پریشان ہیں، سب کچھ حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ سے ہو رہا ہے، عام انتخابات میں عوام پی ڈی ایم کو ایک بار پھر سرپرائز دیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے آصف علی زرداری اور اُن کے حواری نوٹوں کی بوریاں لے کر بولیاں لگانے پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود پی ڈی ایم کے امیدوار کو 180 اور پی ٹی آئی کے پرویز الہٰی کو 186 ووٹ ملے۔

پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے کہا کہ غیر آئینی طریقےسے ق لیگ کے 10 ووٹوں کو مسترد قرار دیا گیا، فل کورٹ کے مطالبے کا مقصد الیکشن کو لٹکانا تھا، ان کے پاس ووٹ پورے نہیں تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.