امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے حکومت سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے ہوئے معاہدے کی شرائط بتانے کا مطالبہ کردیا۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران سراج الحق نے کہا کہ حکومت بتائے کن شرائط پر آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے کسی کے دوست نہیں بنتے، وسائل کی کمی نہیں، ہمارا مسئلہ کرپشن ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور حکومت کے پاس قومی مسائل کا کوئی حل نہیں۔ حکومت کے پاس معاشی استحکام کےلیے وعدوں کے سوا کچھ نہیں ہے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ حکمران خاندانوں کے لندن اور دبئی میں بیٹھ کر کیے گئے فیصلے پانی میں مدھانی ہیں، جنہیں تسلیم نہیں کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، ہم حکومت کی مدت میں ایک دن کا اضافہ بھی تسلیم نہیں کریں گے، 12 اگست کے بعد حکومت قائم رہی تو غیرآئینی ہو گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام نے میئر کراچی کےلیے جماعت اسلامی کے امیدوار کو ووٹ دیے، پیپلز پارٹی کا کراچی میں میئر گلے کا پھندہ بن جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف 7 جولائی کو ملک بھر میں یوم مذمت منایا جائے گا۔
سراج الحق نے کہا کہ سوئیڈن میں قرآن کریم نہیں 2 ارب مسلمانوں کے دل جلائے گئے، عالم اسلام سے اپیل ہے کہ سوئیڈن کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔
Comments are closed.