مسلم لیگ قاف کے رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ حکومت خواہ مخواہ اتحادیوں کو اپوزیشن کیمپ کی طرف نہ دھکیلے۔
مسلم لیگ قاف کے رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے قمبر حمید اور رانا خالد محمود سے ملاقات کے دوران کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ بڑے فیصلے کرنے سے پہلے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کرے، حکومت اپوزیشن کے جال میں پھنسنے کے بجائے ٹھنڈے دل و دماغ سے فیصلے کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں رہتے ہوئے اپوزیشن لیڈر جیسے بیانات سے سیاسی پوزیشن کمزور ہوتی ہے، حکومت کو مشتعل کرنا ہمیشہ اپوزیشن کی حکمتِ عملی ہوتی ہے، اپوزیشن حکومت کو مشتعل کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی، اتحادی جماعتوں نے ہر مشکل وقت میں حکومت کو اپوزیشن کے پنجوں سے چھڑایا ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ اپوزیشن جیسے بیانات سے انتظامی مشینری کا مورال ڈاؤن ہوتا ہے، اپوزیشن کی یہی حکمتِ عملی ہوتی ہے کہ ہر مسئلے پر حکومت کو زچ کرے، حکومت کی سلامتی اور بھلائی اسی میں مضمر ہے کہ وہ اپوزیشن کے جال میں نہ پھنسے، اس حکومت کو عوام نے 5 سال کا مینڈیٹ دیا جس میں ابھی پونے 2 سال باقی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جمہوریت پر یقین رکھتی ہے تو حکومت کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرے، اپوزیشن محض انتشار پھیلانے پر مبنی اپنی منفی سیاست ترک کر دے، اتحادی جماعتوں نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا، ایک دوسرے پر الزام تراشی چھوڑ کر معیشت کی بحالی کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کردار کشی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، بدتہذیبی نہیں بلکہ ادب و احترام کا کلچر فروغ دینا بہت ضروری ہے، دوسروں کو عزت دینا ہمارا کلچر ہے اسے کسی صورت فراموش نہیں کیا جانا چاہیے۔
Comments are closed.