حکومت اتحادی ق لیگ کے سینیٹر کامل علی آغا نے وفاقی وزیر شیخ رشید کو مانگے تانگےکی سیاست کرنے والا کہہ دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں کامل علی آغا نے کہا کہ ہم نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا، جب حکومتی جماعت کا اپنا شیرازہ بکھر رہا ہو تو ہم نے اپنا فیصلہ تو کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب میں 4 حصوں میں بکھر چکی ہے، ہم نے تو کوشش کی کہ عثمان بزدار پنجاب میں ڈلیور کرسکیں۔
ق لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ ہم معاہدے کے پابند ہیں اور پابند رہے ہیں، حکومت کا ہرمشکل میں ساتھ دیا، ان حالات میں ہم نے بھی تو سوچ و بچار کرنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاہدے میں درج تھا کہ 2 وزارتیں وفاق اور 2 صوبے میں ملیں گی، مونس الہٰی کی وزارت سے تو ہم نے انکار کردیا تھا۔
کامل علی آغا نے یہ بھی کہا کہ اپنے تحفظات حکومت کے سامنے رکھے اور کہا کہ کرپشن بڑھتی جارہی ہے، شیخ رشید کا وتیرہ رہا ہے مانگے تانگے کی سیاست کرنا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہم نے ساتھ نہیں چھوڑا ان کا شیرازہ بکھر رہا ہے تو ہم نے بھی تو اپنا فیصلہ کرنا ہی ہے۔
ق لیگی سینیٹر نے کہا کہ یہ بات میرے علم میں نہیں کہ چوہدری پرویز الہٰی کل وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کو سپورٹ کرتے رہے ہیں کیونکہ وہ عمران خان کی طرف سے مقرر ہوئے تھے۔
کامل علی آغا نے مزید کہا کہ ہم کبھی کسی کال کا انتظار نہیں کرتے ہر بار اپنی قیادت کی طرف دیکھتے ہیں۔
Comments are closed.