کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہم سندھ حکومت اور حکمران پارٹیوں کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے،منگل کو ہم الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پہلے بھی صرف جماعت اسلامی ہی نے الیکشن کمیشن میں فوری بلدیاتی انتخابات کرانے کا دو ٹوک موقف پیش کیا تھا ایک بار پھر ہم اسی کااعادہ کریں گے ہمیں امید ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی آئین و قانون اور کراچی کے عوام کی تمناؤں کے مطابق ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے عدالت میں نہ صرف اس بات پر بحث کی کہ بلدیاتی الیکشن ملتوی کیے جائیں بلکہ ان کا کہنا تھا کہ انہیں منسوخ کیا جائے اور انہوں نے جوجواز پیش کیا وہ قانونی اور آئینی طور پر غلط ہے۔ہمیں بھی مردم شماری،ووٹر لسٹوں اور حلقہ بندیوں پر تحفظات ہیں لیکن اس کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ فوری الیکشن ہوں۔
انہوں نے کہاکہ جب بھی الیکشن کا اعلان ہوتا ہے ایم کیوایم کہتی ہے کہ قوانین کا مسئلہ ہے۔پیپلز پارٹی بھی نت نئے بہانے کرتی ہے اصل میں یہ دونوں پارٹیاں الیکشن سے فرار چاہتی ہیں اور ان پر جماعت اسلامی کی مقبولیت کا خوف طاری ہوگیا ہے کیونکہ ان کو معلوم ہوگیا ہے کہ عوام جماعت اسلامی کامیئر چاہتے ہیں۔
Comments are closed.